امامیہ جنتری آفیشل نیوز ڈیسک: وزیراعظم آفس کے مطابق ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تفصیلئ گفتگو کی۔
آفیشل بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ملک کی حمایت کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کی تصدیق کی۔
حال ہی میں ولی عہد کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے اعلان کردہ دو تاریخی اقدامات کو یاد کرتے ہوئے ، وزیراعظم عمران نے شہزادے کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اکتوبر میں ریاض میں شیڈول مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور معاشی طور پر ان کی مدد کرے اور ساتھ ہی ملک کی تعمیر نو میں مدد کرے۔